4

شہبازشریف کی نوابزادہ لشکری خان رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دے دی

(آتش نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف نے بلوچستان کی بڑی سیاسی شخصیت نوابزادہ میرحاجی لشکری خان رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ سی پیک بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے آمد پر حاجی لشکری رئیسانی اور دیگر راہنمائوں کا استقبال کیا۔ میر ہمایوں کرد اور دیگر راہنما بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی۔

حاجی لشکری رئیسانی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

حاجی لشکری رئیسانی نے شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساتھیوں اور دوستوں سے مشاورت کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کروں گا، حاجی لشکری رئیسانی نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے، گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے، بلوچستان میں دانش سکول کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے، اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دیں گے، بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، حاجی لشکری رئیسانی نے محمد نواز شریف کی ملک وقوم کی ترقی کے لئے خدمات اور وژن کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں