5

پی سی بی نے پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان کی تعیناتی سے متعلق بھی اعلان کر دیا

(آتش نیوز) پی سی بی نے پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان کی تعیناتی سے متعلق بھی اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتانوں سے متعلق وضاحت کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فی الحال ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان کا انتخاب موخر کر دیا ہے۔
اگلے ایک سال تک پاکستان کو کوئی ایک روزہ میچ شیڈول نہ ہونے کی وجہ سے فی الحال ایک روزہ ٹیم کے نئے کپتان کا انتخاب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتانوں کا باقاعدہ انتخاب کر لیا، اس حوالے سے اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سونپ دی۔ جبکہ کوچنگ اسٹاف کی بھی چھٹی ہو گئی، قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کا نام سامنے آ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا مقامی کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر محمد حفیظ قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ اور ڈائریکٹر ہوں گے۔ اس حوالے سے جلد باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین ذکاء اشرف نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث کوچنگ سٹاف کو دورہ آسٹریلیا میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کو کئی یادگار فتوحات دلوانے والے بابر اعظم کی کپتانی کا 4 سالہ دور اختتام پذیر ہو گیا۔ بابر اعظم نے چئیرمین پی سی بی مینیجنگ کمیٹی ذکاء اشرف سے بدھ کے روز ہوئی ملاقات کے بعد کپتانی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیش کش کی تھی، تاہم انہوں نے پی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں ٹیم کا نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا۔ بابر اعظم نے اپنے پیغام میں کپتانی کی ذمے داری دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی ٹیم کیلئے کھیلتے رہیں گے اور ساتھ ستاھ نئے کپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت میں جاری ورلڈکپ کے دوران مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم پر کپتانی چھوڑنے کا دباو تھا۔ اس حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کپتانی کے حوالے سے بابر اعظم کی جانب سے خود فیصلے کیے جانے کا خواہاں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں